Jul ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • دشمنوں میں ایران پر حملے کی جرات تک نہیں ہے:  جنرل فدوی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل علی فدوی نے کہا کہ دنیا نے ایران کی دفاعی طاقت اور صلاحیت کا اعتراف کیا ہے اور اب کسی میں ایران کے خلاف جارحیت کرنے کی جرأت تک نہیں ہے۔

مرصاد آپریشن کے چونتیس سال پورے ہونے کے موقع پر بدھ کے روز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے زور دیکر کہا کہ دشمن طاقتوں کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ اگر ان لوگوں نے ایران کے خلاف فوجی طریقۂ کار اختیار کرنے کی کوشش کی تو انہیں شکست کے علاوہ اور کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

جنرل علی فدوی نے مزید کہا کہ ایران ایک دفاعی اور فوجی طاقت بننے کے مرحلے سے گزر کر اب دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے دشمنوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف حملے کی جرأت تک پائی نہیں جاتی۔

یاد رہے کہ ستائیس جولائی سن انیس سو اٹھاسی کو سپاہ پاسداران اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے انقلاب دشمن دہشت گرد گروہ ایم کے او کے حملے کے خلاف وسیع کارروائی کی تھی۔ مرصاد آپریشن نام کی اس کارروائی کے دوران مغربی ملکوں اور صدام کے حمایت یافتہ ایم کے او دہشت گرد گروہ کو ایران کی مغربی سرحدوں پر سنگین شکست دی گئی تھی۔

اس آپریشن میں ایم کے او کے چار ہزار آٹھ سو دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ 

ٹیگس