ایران میں گرفتار ہونے والے اسرائیل کے جاسوسوں کے اہم انکشافات
ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے صیہونی جاسوس تنظیم کے ایجنٹوں اور آپریشنل عناصر کے ایک اور نیٹ ورک کو تباہ کر دیا۔
ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے صیہونی حکومت سے وابستہ دہشت گرد ٹیم کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گرفتار ہونے والے صیہونی خفیہ ایجنسی موساد کے آلۂ کاروں، دہشتگردوں اور جاسوسوں نے بڑے پیمانے پر تخریبی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس بیان کے مطابق صہیونی رژیم سے وابستہ دہشتگردوں کا مقصد دفاعی صنعت کے ایک حساس مرکز کو نشانہ بنانا تھا۔
صیہونیوں نے اس مرکز کی اہمیت اور حساسیت کی وجہ سے وسیع پیمانے پر تباہ کاری کے لیے انتہائی پیچیدہ طریقوں کو ڈیزائن کیا تھا۔ اس ٹیم کے عناصر 'کوملہ' کے دہشتگرد گروپ کے رکن ہیں جنہیں اس گروپ کے سرغنہ 'عبداللہ مہتدی' نے براہ راست اس مشن کے لیے منتخب اور موساد کی تنظیم سے متعارف کرایا ہے۔
ایران کے انٹیلی جینس اہلکاروں نے ابتدائی مرحلے میں موساد کے آپریشنل افسران کے ساتھ اس گروپ کے رابطے کو برقرار رکھنے کے مقصد سے دہشت گردوں کو خاموشی سے گرفتار کیا۔ یہ اقدام اس ٹیم کے تمام اراکین کی شناخت اور آپریشن کے صحیح وقت کے پتہ لگانے کا باعث بنا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 23 جولائی کو بھی محکمۂ انٹیلی جنس نے صیہونی جاسوس تنظیم کے ایجنٹوں اور آپریشنل نیٹ ورک کے عناصر کو ہر قسم کے تخریبکارانہ اقدام سے پہلے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ یہ عناصر ایران میں دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے بھیجے گئے تھے اور ایک ہمسایہ ملک کے ذریعے موساد کی جاسوس اور دہشتگرد تنظیم کے ایجنٹوں سے رابطے میں تھے اور عراقی کردستان کے ذریعے ایران میں داخل ہوئے تھے اور جدید ترین آپریشنل اور مواصلاتی آلات اور انتہائی طاقتور دھماکہ خیز مواد سے لیس تھے۔