ایران و پاکستان باہمی تعلقات کے فروغ کی راہ پر گامزن
اسلام آباد آج ایران و پاکستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کا میزبان
ایران پاکستان مشترکہ اکنامک اجلاس آج بدھ سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں انرجی، تجارت، بینکگ، مواصلات اور دوسرے اہم امور پر تبادلہ خیال اور مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
ایران کے وزیر راہ و شہری ترقی رستم قاسمی نے کہا ہے کہ تجارتی میکانزم میں آسانیاں پیدا کر کے دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے پر آمادہ ہیں۔
رستم قاسمی نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں منجملہ انرجی، تجارت اور بینکنگ میں تعاون بڑھانے پر آمادہ ہے۔ ایران پاکستان مشترکہ تجارتی کمیشن اجلاس کے بارے انہوں نے کہا کہ طے شدہ معاہدوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے میں کافی مدد ملتی ہے۔
ایران پاکستان مشترکہ تجارتی کمیشن کا اجلاس آج بدھ اور جمعرات کو منعقد ہو رہا ہے جس میں دونوں ممالک مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔
سرحدی منڈیوں کا قیام، سرحدی علاقوں میں رہنے والے افراد کے رفاہ اور بہتر زندگی کے لئے اہم ہیں، سرحد اور ٹرانسپورٹ جیسے معاملات بھی اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
دو روزہ ایران پاکستان مشترکہ تجارتی کمیشن اجلاس پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس مشترکہ کمیشن کے بیسواں اجلاس 17 اور 18 اپریل 2017 کو تہران میں ہوا تھا۔
حالیہ منعقد ہونے والے اس اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلی سطحی وفود کی شرکت متوقع ہے جس میں مشترکہ سرحدی بازاروں کا قیام، امپورٹ ایکسپورٹ میں سہولیات کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ معاملات، تجارتی وفود کا تبادلہ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے جیسے معاملات زیربحث لائے جائیں گے۔