ایران نے کیا اپنی ڈرون پاور کا مظاہرہ۔ ویڈیو
ایران کی فوج نے میدان عمل میں ملکی و قومی ڈرون پاور کا جائزہ لینے کے مقصد سے مشترکہ ڈرون مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔
شمالی، جنوبی، مغربی ، مشرقی اور وسطی ایران کے وسیع علاقوں میں شروع ہونے والی مشترکہ ڈرون مشقوں میں بری فوج کے چاروں دستے اور ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے جوان حصہ لے رہے ہیں۔ان دو روزہ ڈرون مشقوں میں ایک سو پچاس ڈرون شریک ہیں جن میں جاسوسی اور ہتھیار بند دونوں قسم کے ڈرون طیارے شامل ہیں۔
ڈرون مشقوں کے ترجمان ریئر ایڈمرل موسوی نے بتایا ہے کہ مشقوں میں شریک ڈرون طیارے پہلے مرحلے میں اپنے مخصوص ہدف کا پتہ لگائیں گے اور اگلے مرحلے میں اپنے ہدف کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کریں گے۔ انہوں نے بتایا مشقوں میں حصہ لینے والے ڈرون طیارے فرضی دشمن کے اہداف کا پتہ لگانے کا کام کریں گے اور انہیں تباہ کرنے کے لیے ضروری معلومات بھی زمینی اسٹیشن کو ارسال کریں گے۔