ماہرین کی رپورٹ آجانے کے بعد امریکہ کو جواب دیں گے: ایرانی محکمۂ خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پابندیوں کے خاتمے کیلئے ایرانی ماہرین کی ٹیم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد امریکہ کو جواب دیا جائے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ ایران ایسے مذاکرات کے بارے میں سنجیدہ ہے جو ایک پائیدار اور جامع معاہدے پر منتج ہوں اور جو ملک کے مفادات کے ضامن ہوں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ مذاکرات کے موضوع کی حساسیت کی وجہ سے مذاکراتی عمل کو خفیہ رکھا جا رہا ہے اور اسے میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا جا رہا ہے اور تمام فریق اس پر عمل کر رہے ہیں۔
انہوں نے پابندیوں کی منسوخی کے لیے ہونے والے مذاکرات سے متعلق تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں کہا کہ اب تک مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور جیسا کہ بار بار ہوا ہے، کیونکہ باقیماندہ مسائل بہت زیادہ نہیں ہیں، دونوں فریقوں کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق بہت سے مسائل حل ہو چکے ہیں اور صرف چند ایک مسائل حل ہونا باقی ہیں جو حساس، اہم اور تقدیرساز ہیں۔
ایرانی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران ایک معاہدے تک پہنچنے کے معاملے پر سنجیدہ ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جوہری معاہدے پر دوبارہ عمل کرنا ملک اور دیگر فریقوں کے مفادات سے ہم آہنگ ہے۔