امریکہ کی دادا گیری بین الاقوامی تعلقات میں مشکلات کا سبب: ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی دادا گیری نے تمام بین الاقوامی تعلقات میں مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ ترجمان نے یہ بات مشہد میں رضوی اسلامی سائنس یونیورسٹی کےطلبا و طالبات سے گفتگو میں کہی۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بدھ کے روز مشہد مقدس میں رضوی اسلامی سائنس یونیورسٹی کےطلبا و طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی دادا گیری نے تمام بین الاقوامی تعلقات میں مشکلات پیدا کر دی ہیں اور امریکی وزارت دفاع کا نام بدل کر وزارت جنگ کرنا بھی ان کے طرز فکر کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکہ کی جنگ پسندانہ اور یکطرفہ پالیسی نے نہ صرف بین الاقوامی امن و سلامتی کو سنگین چیلنجوں سے دو چار کر دیا ہے بلکہ یہ پالیسی ایک خطرناک روش کا سبب بھی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آج امریکہ ٹیرف حربے سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات میں غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جامع ایٹمی معاہدے، جے سی پی او اے، پر نیک نیتی اور ذمہ داری کے ساتھ عمل کیا لیکن فریقِ مقابل نے پوری ڈِھٹائی کے ساتھ اس معاہدے پر عمل نہیں کیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جے سی پی او اے کا متن واضح ہے اور اس میں کوئی پیچیدہ بات نہیں ہے کہ کوئی یہ کہہ سکے کہ ہم نے ایران کو خبردار کیا تھا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2231 قانونی اور منطقی طور پر ختم ہوچکی ہے لیکن دوسرا فریق اسے برقرار رکھنا چاہتا ہے، حتیٰ کہ سلامتی کونسل کے دو مستقل ارکان اور ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک بھی مغربی سوچ اور طریقہ کار سے متفق نہیں ہیں، جس سے ہمارے ملک کی اہمیت و عظمت اور ہماری سفارتی صلاحیتوں کا پتہ چلتا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی، آئی اے ای اے، کی کوئی بھی رپورٹ یہ ثابت نہیں کرتی ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام فوجی مقاصد کا حامل ہے۔