Sep ۰۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۴ Asia/Tehran
  • یمن نے ایران کا شکریہ ادا کیا، مزاحمتی محاذ بڑی طاقت ہے

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان سے ڈاکٹر ولایتی نے ملاقات کی۔

سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر نے یمن کی عوامی  تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اس ملاقات میں ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ خطے میں آپ کی کوششیں بہت اچھی اور قابل ذکر ہیں، آپ طاقتور ہیں اور اقتدار پر فائز ہیں، ہم آپ کو خطے میں اسلام کے معیاری علمبردار کے طور پر یاد کرتے ہیں۔

ڈاکٹر ولایتی نے مزید کہا کہ دعوتِ اسلام کے آغاز سے ہی یمن ہمیشہ خالص اسلام کی سمت گامزن رہا ہے اور انشاء اللہ آپ کو دشمن کی سازش پر سربلندی اور فتح نصیب ہوگی اور آپ کے ساتھ ہمارے تعلقات گہرے، مسلسل اور تاریخی ہیں۔

عالمی اسلامی بیداری فورم کے سیکرٹری جنرل نے امت اسلامیہ کی بیداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمنی قوم تمام تر مشکلات اور مصائب کے باوجود بیدار اور چوکنا ہے اور اس تحریک کو کوئی نہیں روک سکتا۔

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ آپ نے استکبار کے خلاف جنگ کا اصل جوہر پیش کیا اور باب المندب کے حساس علاقے میں آپ نے ایسی طاقت کا مظاہر کیا کہ آپ نے امریکہ اور خطے کے بعض رجعت پسند ممالک کے سامنے ڈٹ کر انہیں شکست فاش دی اور ان کامیابیوں کی قدردانی ہونی چاہیے۔ .

انہوں نے مزید کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران اپنی حفاظت کے لیے کسی طاقت کا محتاج نہیں ہے اور ہم اپنے آپ کو عالم اسلام کے دفاع کا ذمہ دار سمجھتے ہیں اور ایران، یمن، عراق، شام، لبنان اور مزاحمت کا محور سب سے بڑی طاقت ہیں جو اس اسلامی محاذ کو تشکیل دیتے ہیں۔

اس موقع پر یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے یمن کی عوامی تحریک اور اس کے مواقف کی حمایت پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ آپ یمن کے حالات پر اس طرح نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم سید عبدالمالک بدر الدین الحوثی کا خاص سلام رہبر انقلاب اسلامی اور آپ کی خدمت میں پیش کرتے ہیں، میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے یمنی عوام کی مسلسل حمایت کی قدردانی کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا موقف ہمیشہ سے امریکہ اور اسرائیل کی قیادت میں استکبار کے خلاف جنگ رہا ہے اور ہے اور یہ یمنی قوم کا مذہبی اور قومی موقف ہے اور ہم امریکہ اور اسرائیل کے خلاف استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ہم تعلقات کے معمول پر آنے کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے بیان کیا کہ یمنی قوم کی مزاحمت اور جدوجہد اور ایران کی حمایت کے سائے میں آج ہم ایک مضبوط یمن تک پہنچ چکے ہیں اور یمن کی مزاحمت نے اسے طاقت میں تبدیل کردیا ہے۔

 

 

ٹیگس