Sep ۱۳, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • اب تک 30 لاکھ ایرانی زائر اربعین مارچ میں شامل ہو چکے ہیں: وزیر داخلہ

ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اب تک تیس لاکھ ایرانی زائرین کربلا کی جانب اربعین مارچ میں شامل ہوچکے ہیں۔

وزیر داخلہ احمد وحیدی نے منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربعین کی تاریخ جتنی قریب آتی جا رہی ہے اتنا ہی عراق جانے والے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ایران اور عراق کے مابین چھے گزرگاہوں پر اربعین امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی آمد و رفت کی صورتحال مناسب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک چودہ لاکھ پچاس ہزار زائرین اربعین مارچ میں شرکت اور امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے بعد وطن واپس آ چکے ہیں۔ احمد وحیدی نے کہا کہ غیرملکی زائرین کا بھی مسئلہ حل کر دیا گیا ہے اور اب افغان اور پاکستانی زائرین بغیر کسی پریشانی کے زمینی سرحدوں سے عراق میں داخل ہو سکتے ہیں۔ 
اس درمیان اربعین مرکزی کمیٹی کے سربراہ مجید امیر احمدی نے بتایا ہے کہ سرحدی گزرگاہوں پر زائرین کے لئے حفاظتی انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام میں شامل ہونے والے زائرین کے لئے تمام سرحدیں کھلی ہوئی ہیں۔ 

اسی کے ساتھ  سپاہ پاسدارن انقلاب اسلامی کی جانب سے بھی ایران اور عراق کی سرحد پر پانچ عارضی ہسپتال، اور عراق میں دو پورٹیبل ہسپتال اور امدادی مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر زائرین امام حسین علیہ السلام کو طبی خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری شدہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروس کے علاوہ، بچوں، ہڈیوں، آنکھوں اور دانتوں کے ماہر ڈاکٹر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں اور ریڈیولاجی اور ایمرجنسی سروس جیسی خدمات بھی پیش کی جا رہی ہیں۔

مسلح افواج کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر امدادی کمیٹی اور متعدد اداروں اور نجی مراکز نے اپنی طبی اور دیگر خدمات پیش کرنے والے مراکز قائم کئے ہیں۔

ٹیگس