ایرانی عوام دشمن کی منصوبہ بند سازشوں میں شامل نہیں ہیں: سپاہ پاسداران انقلاب
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کرکے دشمنوں کی منصوبہ بند سازشوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی بیداری کی قدردانی کی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ادارہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری شدہ بیان میں آیا ہے کہ جو دشمن اور منافق عناصر خود کو غمزدہ ظاہر کرکے عوام کی صفوں میں گھسنا چاہتے ہیں، وہ وہی ہیں جنہوں نے دشمنوں کو ایران کا محاصرہ کرنے حتی کہ اس سرزمین پر حملہ کرنے کی ترغیب دلائی ہے اوراب بھی ان کی یہ ریشہ دوانیاں جاری ہیں ۔ اس بیان میں آیا ہے کہ عوام اپنی بصیرت، بیداری اور ذہانت سے یقینا دشمنوں کو شکست سے ہمکنار کریں گے ۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اس بیان میں آیا ہے کہ پولیس اورانتظامیہ، عوام کی مدد اور ہمراہی اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے معاشرے اور ملک کی سلامتی اور امن و امان کو یقینی بنا کر دشمنوں کی سازشوں پر ایک بار پھر پانی پھیر دے گی ۔
تہران کی پولیس نے پندرہ ستمبر کو مہسا امینی نامی خاتون کو ایک پولیس اسٹیشن میں منتقل کئے جانے اور پھر اچانک اس کی طبیعت بگڑ جانے کے بعد اپنی پریس ریلیز میں وضاحت کی کہ مہساامینی نام کی خاتون کو کچھ اخلاقی نکات بتانے اور معاشرے کے اصولوں سے آشنا کرانے کے لئے پولیس کے ایک تربیتی مرکز میں منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کو دل کا دورہ پڑا اور فورا اسے اسپتال منتقل کردیا گیا لیکن ڈاکٹروں کی کوششوں کےباوجود وہ انتقال کرگئی ۔
ایرانی عوام کے دشمنوں سے وابستہ بلوائیوں نے واقعے سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھراؤ کیا اور شہری املاک کو نقصان پہنچایا۔ حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی نقصان پہنچایا۔