ایرانی مذاکرات کار علی باقری کی نیویارک میں مختلف ممالک کے نمائندوں سے ملاقات
ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار نے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے اپنی سفارتی جد و جہد کو جاری رکھتے ہوئے برطانیہ ، ہالینڈ اور یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار علی باقری کنی نے جمعرات کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر برطانیہ، ہالینڈ اور یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں پائیدار وعدوں کو آگے بڑھانے اور معاہدے سے متعلق وعدوں پر عمل کرنے کے لیے ایران کے سنجیدہ عزم کا اعلان کیا گیا۔
اس سے پہلے علی باقری کنی نے یورپی یونین کے سربراہ جوزپ بورل سے ملاقات کرکے پابندیوں کے خاتمے سے متعلق مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے قطر اور سوئزرلینڈ کی وزارت خارجہ کے حکام کے ساتھ ملاقات میں بھی کہا کہ ایران کا واضح موقف، مذاکرات کے عمل میں "پائیدار وعدے" اور مغرب کی جانب سے "وعدوں کی پاسداری" ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر پیر کی شب ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت میں میں اقوام متحدہ کی 77 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچے۔ اس دورے میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبد اللہیان، سنیئر مذاکرات کار علی باقری کنی، صدارتی دفتر کے سربراہ غلام حسین اسماعیلی، صدر کے معاون برائے سیاسی امور محمد جمشیدی اور پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ وحید جلال زادہ صدر رئیسی کے ساتھ ہیں۔