ایران، روس کو زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل نہیں دے رہا: پینٹاگون کا اعتراف
امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جنرل پیٹرک ریڈر نے نے اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ کے پاس ایسی کوئی اطلاعات نہیں ہیں جن سے ثابت ہوسکے کہ ایران روس کو زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلیسٹک میزائل فراہم کر رہا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جنرل پیٹرک ریڈر نے ایران کی طرف سے روس کو بیلیسٹک میزائل فراہم کئے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ان کے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے جس سے پتہ چلے کہ ایران نے روس کو زمین سے زمین تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
"اس وقت اس موضوع پر میرے پاس ایسی کوئی اطلاعات نہیں ہیں" امریکی پیٹناگون کے ترجمان برگیڈیرجنرل پیٹرک ریڈر نے ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا۔
نیوز ایجنسی روئیٹرز نے خبر دی تھی کہ 6 اکتوبر کو ایران اور روس کے درمیان ایک معاہدہ پر اس وقت دستخط کئے گئے جب نائب ایرانی صدر محمد مخبر، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے دو سینئر اہلکار اور سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے ایک اہلکار نے ان ہتھیاروں کی فراہمی کے لئے ماسکو کا دورہ اور اس موضوع پر مذاکرات کئے تھے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے یوکرین جنگ میں کسی بھی فریق کو کوئی ہتھیار فراہم نہیں کئے ہیں۔