سپاہ پاسداران کی فوجی مشقوں کا اہم مرحلہ شروع ہوگیا
شمال مغربی ایران میں جاری سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی اقتدار نامی فوجی مشقیں اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔
سحر نیوز:ہمارے نمائندے کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈئیر پاکپور نے بتایا ہے کہ فوجی مشقوں کے اہم مرحلے میں فرضی دشمن کے ٹھکانوں پرشدید گولہ باری کرکے ہروال دستے کو شیلٹر فراہم کرنے کی مشق کی گئی۔
انہوں نے بتایا فرضی دشمن کے ٹھکانوں پر گولہ باری کے لیے ایک سو بائیس، ایک سو تیس اور ایک سو پچپن ملی میٹر کی توپوں اور راکٹ لانچروں کے ذریعے گولہ باری کی گئی اور پن پوائنٹ میزائلوں اور اسمارٹ بموں سے فرضی دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کی اقتدار نامی مشقوں کے دوران دریا پار کرنے اور بھاری فوجی سامان کی منتقلی کے لیے فوری نصب ہونے والے فلوٹنگ پل کا بھی کامیاب تجربہ کیا گیا۔
مشقوں کے دوران سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی خصوصی دفاعی برانچوں نے کمبائن آپریشن کے ذریعے بری فوج کو لازمی سہولتیں فراہم کیں۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کی اقتدار فوجی مشقیں سترہ اکتوبر سے شمال مغربی ایران کی ارس نامی سرحدی پٹی میں جاری ہیں۔