Nov ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام نے دشمن کو دھول چٹادی، قائد انقلاب اسلامی

قائدانقلاب اسلامی نے طلبا سے ایک ملاقات میں کہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کثیر جہتی جنگ میں امریکہ، صیہونی حکومت اور یورپ کی کچھ موذی حکومتیں اور کچھ تخریبی گروہ ایرانی قوم کو نقصان پہنچانے کے لئے اپنے تر تمام وسائل بروئے کار لائے لیکن ایرانی قوم نے انہیں دھول چٹا دی اور وہ بری طرح ناکام ہو گئے۔

سحر نیوز/ ایران: قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے بدھ کے روزعالمی استکبار سے مقابلے کے قومی دن کی آمد کی مناسبت سے طلبا سے ملاقات کی۔ قائد انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ایرانی قوم کی حمایت میں امریکی سیاسی رہنماؤں کے بیانات کو بے حیائی اور ریاکاری کی بدترین مثال قرار دیا اور کہا کہ تم لوگوں نے ایران کے ایٹمی سائنس دانوں کے قاتلوں یعنی صیہونیوں کی حمایت کی اور امریکہ  نیز دیگر ملکوں میں ایرانی قوم کے اربوں ڈالر کے اثاثے منجمد کرکے ایرانی قوم کو ان کے سرمائے سے محروم کر دیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے امریکا اور مغربی ملکوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف اکثر واقعات میں تم لوگوں کا کردار واضح ہوتا ہے اور ان حالات میں انتہائی بے حیائی کے ساتھ تم لوگ جھوٹ بولتے ہو اور دعویٰ کرتے ہو کہ ایرانی قوم کے ہمدرد ہو، خدا کا شکر ہے کہ ایرانی قوم نے اس طرح کی بہت سی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے امریکہ کے زوال کے سلسلے میں ماہرین کے اتفاق رائے کا ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ کےواضح زوال کی علامتیں معاشی، سماجی اور اخلاقی شعبوں سے لے کر اس ملک میں پر تشدد اختلافات تک میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے افغانستان اور عراق پر امریکی حملے اور امریکیوں کے ناکام منصوبوں کا ذکر کیا اور ایران میں حالیہ بلووں میں امریکا کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلیجینس کی وزارت اور پاسداران انقلاب اسلامی کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان سے بھی یہ پتہ چلتا ہے کہ دشمنوں نے تہران اور ایران کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں کے لئے سازشیں تیار کر رکھی تھیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے شیراز میں حرم شاہ چراغ پر دہشت گردانہ حملے اور عام لوگوں، بچوں اور خواتین کے قتل عام کو بہت بڑا جرم قرار دیا اور کہا کہ اس حملے کے ذمہ داروں کی شناخت کی جانی چاہیے اور اس بھیانک جرم میں جس کا ہاتھ بھی ثابت ہوتا ہے اسے بغیر تامل کے سزا دی جانی چاہیے۔  

ٹیگس