ایران آج عالمی سامراج کے خلاف سراپا احتجاج
اسلامی جمہوریہ ایران کی فضا آج 4 نومبر کو عالمی استکبار کے خلاف جد جہد کے قومی دن کی مناسبت سے "هیهات منا الذله" اور امریکہ مردہ باد کے نعروں سےگونج اٹھے گی۔
13آبان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اسی طرح عالمی سامراج سے نفرت و بیزاری کے اظہار کیلئے اب سے تھوڑی دیر بعد ایرانی عوام آج بڑی بڑی ریلیاں نکال کر ایک بار پھر بانی انقلاب اسلامی، شہداء اور اپنے اصولی موقف سے تجدید عہد کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق آج تیرہ آبان مطابق چار نومبر عالمی سامراج سے مقابلے کے قومی دن کی مناسبت سے پورے ایران میں عوام سڑکوں پر نکل کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کی سرکردگی میں عالمی سامراج کے خلاف احتجاج اور انقلاب اسلامی کی امنگوں اور قائد انقلاب اسلامی کے ساتھ اعلان وفاداری کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس مناسبت سے آج ایران کے نوسو شہروں اور قریوں میں سامراج مخالف ریلیاں نکالی جائیں گی جس کی کوریج کے لئے ملکی پیمانے پر ساڑھے تین ہزار نامہ نگاروں نے کمر کس لی ہے۔
تہران میں اس مناسبت کا مرکزی اجتماع "جاسوسی کے اڈے" کے نام سے مشہور شیطان بزرگ امریکہ کے سابق نام نہاد سفارتخانے کے سامنے ہوگا جس کو کور کرنے کے لئے ایک سو دس غیر ملکی اور پانچ سو ملکی نامہ نگار ریلی کے دوران وہاں موجود رہیں گے۔
ایران بھر میں آج انجام پانے والی وسیع عوامی ریلیوں کو ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر خاص اہمیت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی تاریخ میں 13 آبان کو تین اہم واقعات رونما ہوئے۔ 13 آبان 1343 ہجری شمسی مطابق 4 نومبر 1964 کو امام خمینی رح کو ترکی کی جانب ملک بدر کیا گیا تھا، 13 آبان 1357 ہجری شمسی مطابق 4 نومبر 1978 کو شاہی حکومت نے طلبہ کا قتل عام کیا تھا اور 13 آبان کو ایران کے انقلابی طلبہ نے جاسوسی کے اڈے میں تبدیل ہوچکے امریکا کے سفارتخانے کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔