Dec ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • علاقے کی سلامتی کا تحفظ علاقے کے ملکوں کے ذریعے ہی ہونا چاہئے، ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے خلیج فارس کے امور کے ڈائریکٹر جنرل نے ایران و عمان کے مشترکہ نظریات کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ علاقے کی سلامتی کا تحفظ علاقے کے ملکوں کے ذریعے ہی ہونا چاہئے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے خلیج فارس کے امور کے ڈائریکٹر جنرل علی رضا عنایتی نے ارنا سے گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے دورہ عمان اور عمانی ہم منصب سے ان کی ملاقات کے نتائج کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے گزشتہ سمجھوتوں کی تکمیل کا باعث بن سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ تاکید کی ہے کہ خلیج فارس مختلف شعبوں میں وسیع گنجائش و توانائیوں کا حامل ہے اس لئےعلاقے کے تمام ممالک کو ان توانائیوں سے استفادے کے لئے  آپسی تعاون بڑھانا چاہئے ۔ 

ایرانی وزارت خارجہ کے خلیج فارس کے امور کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ گزشتہ سات برس  میں جارحیت کا مظاہرہ اور یمن کی بنیادی تنصیبات کو تباہ کر کے یمنی عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ یمنی عوام کے مطالبات پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبد اللہیان اپنا دورہ عمان مکمل کر کے واپس تہران پہنچ گئے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ مسقط میں عمان کے سلطان سمیت مختلف اعلی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت اور علاقائی نیز بین الاقوامی مسائل پر گفتگو کی۔

ٹیگس