Mar ۱۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • شام کی سرزمین سے بیرونی افواج کے انخلاء کا وقت آ گیا ہے: ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے شام میں زلزلہ زدگان کو امداد کی فراہمی کے لیے پابندیوں اور جنگ کے مسائل کے حوالے سے عالمی برادری کی بے حسی نےانسانی حقوق کے دعویداروں کے دوہرے معیار کو ایک بار پھر آشکارا کردیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام کی سرزمین سے بیرونی افواج کے انخلاء اور اس ملک کی ارضی سالمیت کے احترام کو یقینی بنانے کا وقت آ گیا ہے، تہران تمام فریقوں کو شام اور خطے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کا احترام کرنے کی دعوت دیتا ہے۔

انہوں نے شام میں آئے افسوسناک زلزلے کے متأثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں شام کے عزیز عوام سے ہمدردی اور یکجہتی کے لیے یہاں آیا ہوں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے شام میں زلزلہ متأثرین کو امداد کی فراہمی کے لیے پابندیوں اور جنگ کے مسائل کے حوالے سے عالمی برادری کی بے حسی نے دعویداروں کے دوہرے معیار کو ایک بار پھر آشکارا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہران اور دمشق ایک دوسرے کے دوست ہیں اور ہم مشکل وقت میں بھی ایک ساتھ رہیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی جعلی حکومت نے زلزلے کے بعد سخت اور دشوار حالات کے  باوجود حلب کے ہوائی اڈے پر بمباری کی جو نہ صرف اس جعلی حکومت کی بربریت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ جعلی صیہونی حکومت اندرونی بحران کا شکار ہے اور وہ اس طرح  کے اقدامات سے عالمی برادری کی توجہ اپنی جانب سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کثیر الجہتی علاقائی مذاکرات کو بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقائی تعلقات کو معمول پر لانے اور  خطے کی ترقی کے لیے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔

امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہم شام میں زلزلہ متأثرین کی رہائش، طبی اور معالجاتی انسانی امداد کے لیے اپنی حمایت کو جاری رکھیں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ ترکیہ اور شام کا 4 روزہ دورہ کرنے کے بعد گزشتہ روز تہران لوٹ آئے۔

ٹیگس