Mar ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • امریکہ صرف اسرائیل کی سکیورٹی کا سچے دل سے پابند ہے

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ امریکہ صرف اسرائیل کی سیکورٹی کا سچے دل سے پابند ہے۔

سحر نیوز/ایران: امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایڈرین واٹسن نے مقبوضہ فلسطین میں حکومت کے خلاف صیہونیوں کے وسیع مظاہروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسرائیل کی موجودہ صورتحال کو لے کر گہری تشویش ہے۔

اُدھر امریکی صدر جوبایڈن نے بھی ایک ہفتے قبل صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے عدلیہ کے نظام کی اصلاحات کو لے کر انکی کوششوں کے بارے میں اُن سے گفتگو کی تھی اور اسرائیل میں جمہوریت کے تحفظ پر زور دیا تھا۔

اسی تناظر میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ صیہونی رجیم کا منھ بولا باپ جو اسے درپیش وسیع بحران کو لے کر تشویش میں مبتلا ہے، اُس کا یہ کہنا ہے کہ امریکہ اسرائیلی رہنماؤں سے پوری قوت کے ساتھ یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ جتنا جلدی ہو سکے آپس میں مصالحت کر لیں، کیوں کہ یہ اسرائیل اور اسکے شہریوں کے لئے اس مرحلے سے گزرنے کا بہترین راستہ ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ صرف اسرائیل ایک ایسی جگہ ہے کہ جسکی سکیورٹی کا امریکہ پوری سچائی کے ساتھ پابند ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین مہینوں کے دوران مقبوضہ فلسطین میں عدالتی نظام میں اصلاحات کو لے کر نتن یاہو کی حکومت کی کوششوں کے خلاف وسیع اور پر تشدد مظاہرے ہو رہے ہیں جس کے بعد پیر کے روز صیہونی وزیر اعظم نے مجبور ہو کر عدالتی اصلاحات کی منظوری کے بل کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ٹیگس