شفاف تعاون پر روس نے ایران کی قدردانی کی
روس کے دورے پر گئے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے دونوں ممالک کے تعلقات کو صحیح سمت میں قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ تہران ماسکو کے مابین مختلف سطح کے رابطوں میں تیزی آئی ہے۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے بدھ کے روز روسی پارلیمنٹ دوما میں خارجہ امور کمیشن اور لیبرل پارٹی کے سربراہ لیونید اسلوتسکی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتین کے دورۂ ایران اور رہبر انقلاب اسلامی سے انکی ملاقات کو دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں بڑا اہم قرار دیا۔
وزیر خارجہ ایران نے پارلمانی سفارتکاری کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم قرار دیا اور کہا کہ ایران و روس کے پارلمانی کمیشنوں میں اعلیٰ درجہ کے عہدے دار موجود ہیں اور اب مختلف سطح پر ملاقاتوں اور رابطوں میں بھی تیزی آ گئی ہے۔
اس ملاقات میں روسی پارلیمنٹ میں خارجہ امور کمیشن کے سربراہ نے بھی اپنے ملک کے ساتھ ایران کے شفاف تعاون پر اُس کی قدردانی کی۔ لیونید اسلوتسکی نے کہا کہ روس ایران کے جاری مختلف منصوبوں منجملہ شمال جنوب کوریڈور پر بہت توجہ دیتا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ جو ایک وفد کے ہمراہ ماسکو کے دورے پر ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات اور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی موضوعات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
منگل کی شام ماسکو پہنچنے پر ایران کے وزیر خارجہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران اور روس کا دفاعی تعاون کسی ملک کے خلاف نہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں ساڑھے تین گنا اضافہ ہوا ہے۔