Apr ۱۹, ۲۰۲۳ ۰۶:۴۱ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کا طلبا سے خطاب، فکری بنیادوں کو مستحکم بنانے کی تاکید

رہبر انقلاب اسلامی نے طلبا اور طلبا یونینوں سے ملاقات میں فکری بنیادوں کو مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: منگل کی شام رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے ایک ہزار سے زائد طلبا اور طلبا یونینوں کے اراکین سے ملاقات کی جو تقریبا ڈھائي گھنٹے تک جاری رہی۔

رہبر انقلاب اسلامی کی طلبا اور طلبا یونینوں سے ملاقات

اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے اسٹوڈنٹس کے مطالبات کو ملک کے لیے ایک موقع قرار دیا۔ آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے طلبا اور طلبا یونینوں کی فکری بنیادوں کے استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلبا کو قرآن مجید، نہج البلاغہ اور شہید مطہری، شہید بہشتی اور مرحوم مصباح یزدی جیسے مفکرین کی کتابوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فکری اور معرفتی مسائل پر کام، مطالعہ اور غور و فکر کرنا چاہیے۔

رہبر انقلاب اسلامی کی طلبا اور طلبا یونینوں سے ملاقات

آپ نے انصاف کو ایک معرفتی بنیاد بتاتے ہوئے کہا کہ انصاف کا ایک اہم مصداق، عدم مساوات کا خاتمہ ہے۔ رہبر انقلاب نے فرمایا کہ افسوس اس بات پر ہے کہ بعض لوگ انصاف پسندی کے نعرے کے باوجود، عالمی سطح کے ظالموں سے مقابلے کو انصاف پسندی کا مصداق نہیں سمجھتے۔

رہبر انقلاب اسلامی کی طلبا اور طلبا یونینوں سے ملاقات

آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے دشمن کی سازش اور اسٹریٹیجی کی شناخت میں سبھی کے اپ ڈیٹ رہنے پر زور دیا اور فرمایا کہ جیسے ہی ہم دشمن کا نام زبان پر لاتے ہیں بعض لوگ ناراض ہو جاتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اپنی کمیوں اور کمزوریوں کا انکار کرنے کی کوشش میں ہیں جبکہ کمیاں ہیں لیکن دشمن پیسے اور وسائل کے ذریعے لگاتار، حق کے محاذ کے خلاف کام کر رہا ہے۔

رہبر انقلاب نے فرمایا کہ ایرانی قوم کے سلسلے میں دشمن کی موجودہ اسٹریٹیجی، اسے خود اپنے بارے میں بدگمانی اور مایوسی میں مبتلا کرنا ہے۔

طلبا قائد انقلاب کے ساتھ اعلان وفاداری کرتے ہوئے

آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ خداوند عالم قرآن مجید میں حق کے غلبے اور مستضعفین کی فتح کو اپنا حتمی قانون بتاتا ہے اور اس سچے وعدے کو ہم نے انقلاب کی کامیابی اور دنیا کے تمام سامراجیوں اور ایران کے دشمنوں کی مسلط کردہ جنگ میں کامیابی کی صورت میں دیکھا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات کے آغاز میں اسٹوڈینٹس یونین کے آٹھ نمائندوں نے ملک اور یونیورسٹیوں کے مسائل کے بارے میں اپنی تنقید، تجویز اور نظریے سے آگاہ کیا جس پر رہبر انقلاب اسلامی نے طلبا کی قدردانی اور حوصلہ افزائی فرمائی۔

ٹیگس