Apr ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران اور ہندوستان کے وزرائے دفاع کی ملاقات، اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو

ایران کے وزیر دفاع نے نئی دہلی میں منعقدہ شانگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی سائڈ لائن پر ہندوستان کے وزیر دفاع سے ملاقات اور اہم عالمی، علاقائی اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

سحر نیوز/ایران: ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل محمد رضا آشتیانی شانگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے گزشتہ روز نئی دہلی پہنچے جہاں انہوں نے اجلاس کی سائڈ لائن پر ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اس موقع پر مسٹر آشتیانی نے کہا شانگھائی تعاون تنظیم آج عالمی صورتحال کی تبدیلی میں بڑی مؤثر واقع ہو رہی ہے اور اس تنظیم کی توسیع اور استحکام عالمی سطح پر کثیر الجہتی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

وزیر دفاع ایران نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ صرف علاقائی ممالک کے آپسی تعاون سے ہی علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹا جا سکتا ہے اور شانگھائی تعاون تنظیم عالمی سکیورٹی کے لحاظ سے بڑی اہم تنظیم ہے۔

بریگیڈیئر جنرل آشتیانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان دو اسٹریٹیجک نقطوں پر واقع ہیں اور دونوں کے مابین دفاعی اور سکیورٹی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے لئے بڑی وسیع گنجائشیں موجود ہیں جن سےمغربی ایشیا اور بر صغیر کے حساس خطے کی سکیورٹی کی فراہمی کے لئے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

ایران کے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ ہندوستان کے ساتھ تعاون کی تقویت میں تہران کسی محدودیت کے قائل نہیں اور دونوں ممالک عسکری دفاعی اور تعلیمی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کر سکتے ہیں۔

ساتھ ہی وزیر دفاع ایران نے ہندوستان کو روس اور چین کے ساتھ مشترکہ سکیورٹی بیلٹ کے نام سے موسوم اپنی بحری مشقوں میں شرکت کی بھی دعوت دی۔

اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگ نے بھی کہا کہ ہندوستان اور ایران مل کر آپس میں اچھا تعاون کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے حالیہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے حکام کے محبت و انسیت سے لبریز دوروں کا ذکر کیا اور کہا کہ ان ملاقاتوں سےدونوں ممالک کے درمیان تعاون کا روڈ میپ تیار ہوتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے اسٹریٹیجک دفاعی اور تحقیقاتی مراکز کے درمیان تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے زیادہ سے زیادہ فروغ پر زور دیا۔

دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے افغانستان اور چابہار بندرگاہ کے حوالے سے بھی گفتگو کی  جس میں وزیر دفاع ہندوستان نے افغانستان کی مدد کے تناظر میں ایران کے کردار کو اہم قرار دیا۔

ٹیگس