May ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ کا دورہ پاکستان

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ وحید جلال زادہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کی دعوت پر ایک پارلیمانی وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پاکستان میں ایران کے نائب سفیر نبی شیرازی اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن علی موسی گیلانی نے ان کا استقبال کیا۔

ایران کا پارلیمانی وفد پاکستان کے اسپیکر قومی اسبملی کی دعوت پر بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد گیا ہے۔ یہ دو روزہ کانفرنس کل سے اسلام آباد میں شروع ہو رہی ہے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی نے آئین کی منظوری کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا ہے کہ جس کا عنوان ہے میرا آئین، میری آزادی کا ضامن ۔

ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ اس دورے کے دوران پاکستان کے بعض پارلیمانی ارکان اور سرکاری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے شعبہ تعلقات عامہ نے آج ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے سترہ سے زائد ملکوں سے ممتاز سیاسی رہنما، ماہرین قانون، علمی شخصیات اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنی والی اہم شخصیات بدھ اور جمعرات کو ہونے والی آئین کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

ٹیگس