May ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  •  ایران اور پاکستان کے نئے مشترکہ سرحدی بازار کا افتتاح

ایران اور پاکستان کے درمیان پشین سرحد پر منعقدہ پروقار تقریب میں دونوں ملکوں کے سربراہوں نے ایک اور مشترکہ سرحدی بازار اور گبد پولان بجلی سپلائی لائن کا افتتاح کردیا ۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، پشین میں دونوں ملکوں کے مشترکہ سرحدی بازار کا افتتاح صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کیا۔
دونوں رہنمائوں نے مارکیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور دوستی کی علامت کے طور پر پودا بھی لگایا۔
صدر ایران اور پاکستان کے وزیر اعظم نے سو میگاواٹ کی گبد پولان بجلی سپلائی لائن کا بھی افتتاح کیا جس سے ایران سے پاکستان کے لئے سستی بجلی کی سپلائی کی مجموعی مقدار دو سو چار میگاواٹ ہوجائے گی۔

پشین سرحدی بازار اور گبد پولان بجلی سپلائی لائن کے افتتاح کی تقریب میں دونوں ملکوں کے سربراہوں کے ساتھ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ پاکستان کی تاجر برادری نے ایران اور پاکستان کے سرحدی بازاروں میں توسیع کا خیرمقدم کیا ہے۔
اس موقع پر صدر سید ابراہیم رئیسی نے اعلان کیا کہ مزید چھے سرحدی مارکیٹیں زیر تعمیر ہیں تا کہ ایران اور پاکستان کے مابین خرد تجارت کا حجم بھی بڑھایا جاسکے جو ایران اور پاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات کی علامت اور دو طرفہ روابط کو مستحکم کرنے کی بنیاد ہے۔
انہوں نے اس موقع پر اس نوعیت کے تعاون کو علاقائی استحکام کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے غیرعلاقائی طاقتوں کی اس علاقے میں موجودگی کو تباہی کا باعث قرار دیا۔
صدر رئیسی نے کہا کہ علاقے کے مسائل کو خطے کے حکام کے ساتھ بیٹھ کر حل کیا ہے اور کریں گے۔ صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ نشست کے دوران کہا کہ افتتاح ہونے والے اس منصوبے کے تحت پاکستان کو سو میگاواٹ بجلی برآمد کی جا رہی ہے تاہم اس میں ابھی مزید اضافہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
مشترکہ نشست کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ایران اور پاکستان کے تعلقات کو گہرا، دیرینہ اور برادرانہ قرار دیا۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، زراعت، شمسی توانائی اور دیگر معاشی میدانوں میں ایران کے ساتھ تعاون میں فروغ پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ طے کیا گیا کہ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ سی پیک کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ اہداف ہیں جن سے پاکستان اور ایران مل کر دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کا پیغام لاسکتے ہیں۔ شہباز شریف نے ایران کے صدر کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔

ٹیگس