May ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف الزامات یورپ سے زیادہ سے زیادہ امداد لینے کیلئے لگائے گئے: وزارت خارجہ

ایران نے یوکرین کی جانب سے تہران کے خلاف بے بنیاد الزامات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اُس کی وجہ یورپ سے زیادہ سے زیادہ امداد لینے کی کوشش کو قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے ایک بار پھر ایران پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین ایران پر الزامات عائد کرکے مغربی ممالک سے زیادہ سے زیادہ امداد حاصل کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کے صدر کا ایران پر الزام بے بنیاد اور عالمی برادری کی یوکرین کے حالات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران نے بار ہا یہ کہا ہے کہ وہ یوکرین جنگ کے خلاف ہے اور یوکرینی عوام کے دکھ، درد کو محسوس کرتا ہے، ایران چاہتا ہے کہ جنگ ختم ہو جائے اور اس سلسلے میں ایران ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے آمادہ ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دعوے یوکرین کی جنگ کی حقیقتوں کو تبدیل نہیں کر سکتے، یوکرین کے ساتھ ماہرانہ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے ایران کی آمادگی پر زور دیا اور کہا کہ یوکرینی فریق کی طرف سے ایران کے ساتھ ماہرانہ مذاکرات سے گریز اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ان کے بے بنیاد دعووں کی تصدیق ہے۔

ٹیگس