Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۴ Asia/Tehran
  • صدر ایران رئیسی لاطینی امریکہ کے دورے پر

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اپنے دوست اور ہم فکر ممالک کے ساتھ تعلقات کی مزید توسیع کے مقصد سے لاطینی ممالک کے دورے کا آغاز کیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: ایوان صدر کی ویب سائٹ کے مطابق سید ابراہیم رئیسی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وینیزوئیلا کے دارالحکومت کاراکاس کی جانب روانہ ہو گئے۔ اس پانچ روزہ سفر کے دوران صدر ایران وینیزویلا کے علاوہ نیکاراگوئا اور کیوبا کا بھی دورہ کریں گے۔

کاراکاس پہنچنے کے بعد صدر ایران اپنے ہم منصب نیکولس مادورو سے ملاقات کے علاوہ وینیزویلا کے اسپیکر سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے۔ سفر کے دوران مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط بھی ہوں گے۔

کاراکاس روانہ ہونے سے قبل تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ایران نے کہا کہ یہ سفر لاطینی امریکہ کے تین دوست ممالک وینیزویلا، نیکاراگوئا اور کیوبا کے سربراہوں کی دعوت پر انجام پا رہا ہے۔

سید ابراہیم رئیسی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے تسلط پسند نظام سے مقابلے کا جذبہ مشترکہ طور پر ایران اور مذکورہ تین ممالک کے درمیان پایا جاتا ہے۔ صدر رئیسی نے لاطینی امریکہ کے ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کو اسٹریٹیجک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، صحت اور اقتصاد کے شعبے میں ایران اور لاطینی امریکہ کے یہ تین ممالک مل کر کام کر رہے ہیں اور اس سفر سے آپسی روابط کے کو مزید استحکام اور فروغ حاصل ہوگا۔

ٹیگس