Jun ۲۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان عسکری، دفاعی اور سمندری شعبوں میں مشترکہ تعاون کے مزید فروغ کے لئے پرعزم

ایران کی بحری فوج کے کمانڈر ریئر ایڈمیرل شہرام ایرانی نے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ سمندری شعبے میں عسکری اور دوطرفہ تعاون کے مزید استحکام پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: حالیہ برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے تعلقات دفاعی، عسکری اور سکیورٹی کے شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں قابل توجہ حد تک فروغ پاتے رہے ہیں جس کے تحت بحریہ کے وفود نے بھی متعدد مرتبہ ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کیا ہے۔

آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق ایڈمیرل شہرام ایرانی نے پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان آرمی چیف سید عاصم منیر سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس سے قبل وہ دارالحکومت میں واقع بحریہ کے ہیڈ کوارٹر میں اپنے ہم منصب محمد امجد خان نیازی سے ملے تھے اور ان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان سمندری تعاون، سمندری سکیورٹی، پیشہ ورانہ ٹریننگ اور وفود کے تبادلے جیسے موضوعات پر ایران اور پاکستان کی نیوی کے کمانڈرز نے گفتگو کی۔

ریئر ایڈمیرل ایرانی نے اسی طرح پاکستانی فضائیہ کے کمانڈر ظہیر احمد بابر سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔

ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی پاکستانی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات

ریئر ایڈمیرل ایرانی اسلام آباد و کراچی میں پاکستانی بحریہ کے بعض مراکز کا بھی دورہ کریں گے۔

خیال رہے کہ ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمیرل شہرام ایرانی اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر اتوار کی شام تین روز کے لئے اسلام آباد پہنچے تھے۔

 

ٹیگس