Jun ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
  • وزیر خارجہ نے عمان میں یمن کے سینیئر مذاکرات کار سے ملاقات کی

یمن کے اعلی عہدے دار محمد عبدالسلام نے عمان میں ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات کرتے ہوئے، یمنی عوام کی حمایت اور ان کی بے شمار مصیبتوں کو کم کرنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایتوں اور کوششوں کی قدردانی کی۔

سحرنیوز/ایران:  یمن کے سینیئر مذاکرات کار نے منگل کی رات اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان سے ملاقات اور گفتگو کی۔ 
مسقط میں واقع ایران کے سفارتخانے میں ہونے والی اس ملاقات میں، یمن کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ 
اس موقع پر، یمن میں انسانی المیے، ریاض اور صنعا کے مذاکرات اور اقوام متحدہ کے ساتھ یمنی حکام کے تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔  وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے بھی یمنی عوام کو صبر و استقامت کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، یمن کے بحران کے خاتمے کو مدنظر رکھتے ہوئے، ملت یمن کے ہر فیصلے کی حمایت جاری رکھے گا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر خارجہ گذشتہ روز اپنا دورہ قطر مکمل کرنے کے بعد عمان پہنچے تھے جہاں انہوں نے عمانی حکام کے ساتھ مذاکرات کے علاوہ یمنی وفد سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔

ٹیگس