صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نیویارک سے واپس تہران پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، جو کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک گئے تھے، جمعرات کو تہران پہنچ گئے۔
سحر نیوز/ ایران: تہران پہنچنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر اور کابینہ کے ارکان نے صدر مملکت ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے نیویارک میں اپنے قیام کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کے علاوہ سربراہان مملکت اور وزیر اعظم کی سطح کی 12 ملاقاتیں کیں اور پانچ مختلف اجتماعات میں شرکت بھی کی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کی یہ دوسری شرکت تھی۔
اس سفر کے دوران ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے امریکی میڈیا کے بعض ایڈیٹروں اور سینیئر رپورٹوں کے ایک گروپ، امریکہ کی خارجہ تعلقات کونسل کے اراکین، امریکی شیعہ برادری کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اراکین، ادیان الہٰی کے رہنماؤں اور امریکہ میں مقیم ایرانی شہریوں سے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے اس ملاقات میں امریکہ میں مقیم ایرانیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔
اس تین روزہ دورۂ نیویارک میں وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، صدر کے دفتر کے سربراہ غلام حسین اسماعیلی اور صدر کے دفتر کے سیاسی شعبے کے انچارج محمد جمشیدی بھی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ تھے۔