اگر مقابل فریق جوہری معاہدے کیلئے تیار ہے تو ہم بھی جوہری معاہدے میں واپس آنے کیلئے سنجیدہ ہیں: ایرانی وزیر خارجہ(ویڈیو)
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش سے ملاقات کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش کی یہ ملاقات مقامی وقت کے مطابق سنیچر کی شام سیکریٹری جنرل کے دفتر میں ہوئی۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کی ایران میں کوئی جگہ نہیں ہے اور ایران اس کے حوالے سے نہیں سوچتا۔
انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے حوالے سے گوترش کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور امریکہ کے ساتھ پیغام رسانی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور عمان کے بادشاہ کا منصوبہ بھی ہمارے سامنے ہے۔ اور اگر مقابل فریق جوہری معاہدے کیلئے تیار ہے تو ہم بھی جوہری معاہدے میں واپس آنے کیلئے سنجیدہ ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے رجسٹر میں دستخط کئے اور پھر دونوں رہنماؤں نے میڈیا کے نمائندوں کے سامنے جاکر تصویر کھنچوائی۔
اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے اپنے دورہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش سے ملاقات کی تھی۔