ایرانی وزیر خارجہ سات روزہ دورۂ نیویارک کے بعد تہران واپس
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نیویارک میں سات دن کے قیام کے بعد تہران واپس پہنچ گئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ نیویارک گئے تھے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے نیویارک میں تقریباً 43 پروگراموں میں شرکت کی جن میں سے 34 ممالک کے وزرائے خارجہ اور بعض دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں۔ وہ اس دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے بھی ملے۔
دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل ان ملاقاتوں کے اہم موضوعات تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ریاض کے ساتھ تعلقات کو بہتر اور مضبوط بنانے کے تہران کے عزم پر زور دیا گیا۔
جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات میں قرہ باغ سمیت دوطرفہ تنازعات اور علاقائی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی گئی۔
حسین امیر عبداللہیان اور مصری وزیر خارجہ سامح شکری کے درمیان ملاقات بھی نیویارک میں ہونے والی ایک اہم ملاقات تھی۔ یہ ملاقات، جو خوشگوار ماحول میں ہوئی، 4 دہائیوں کے بعد تہران اور قاہرہ کے درمیان تعلقات کی بحالی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔
خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل سے بھی ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی جو عرب ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے ایران کےعزم و ارادے کی غماز تھی۔