Nov ۳۰, ۲۰۲۳ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی استقامت نے دشمنوں کو بے بس کرکے رکھ دیا ہے، صدر مملکت ابراہیم رئیسی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی استقامت و مزاحمت نے دشمنوں کو بے بس کر کے رکھ دیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کے روز تہران کے جنوب مغرب میں واقع شہر پرند کے میٹرو اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم فلسطین میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ استقامتی مجاہدین کی قوت و طاقت اور وقار کا مظہر ہے اور ان  کی استقامت نے دشمن کو مایوس اور بے بس کر دیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایک طرف استقامتی محاذ کے مجاہدین کے مقابل عورتوں اور بچوں کا قتل بے بسی کی علامت ہے اور دوسری طرف اس غاصب حکومت سے، جس نے دنیا کی آنکھوں کے سامنے 5 ہزار سے زائد مظلوم، نہتھے اور معصوم بچوں کو شہید کر دیا، گہری اور وسیع پیمانے پر نفرت پیدا ہونے کا سبب بنا۔

سید ابراہیم رئیسی نے دشمن کے دباؤ کے مقابل ایرانی قوم کی  استقامت و مزاحمت کو سراہا اور کہا کہ آج ہم جس ترقی و پیش رفت کا مشاہدہ کر رہے ہیں وہ ایرانی قوم کی استقامت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا یہ ترقی و پیش رفت، رضاکارانہ اور جہاد کے جذبے سے کیے گئے کام اور کوششوں پر اللہ کی رحمت کا نتیجہ ہے۔

پرند تہران سے جنوب مغرب میں 30 کلومیٹر کے فاصلے پر تہران ساوہ فری وے پر اور امام خمینی (رح) انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع ہے۔

 

ٹیگس