Dec ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • غزہ میں حملوں کو روکنے کی بابت گوترش کے اقدام کی ایران کی جانب سے حمایت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم روکے جانے کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی درخواست کا خیر مقدم کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ غزہ کے خلاف وسیع حملوں میں عام شہریوں بالخصوص بچوں اور عورتوں کا قتل عام، پبلک مقامات اور ہسپتالوں کی تباہی و بربادی اور فلسطینیوں کو جبری نقل مکانی پر مجبور کرنا، علاقائی امن و سلامتی کےلئے خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں غزہ کی صورت حال کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ غزہ کی صورتحال تیزی سے المیے کی جانب طرف بڑھ رہی ہے، اور عالمی برادری کو غزہ کے بحران کے خاتمے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے یو این چارٹر کے آرٹیکل ننیانوے کا استعمال کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے کی غرض سے انسانی بنیادوں پر فائر بندی کا ہدف حاصل کرنے میں مدد کی گزارش کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ میں جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سے کہا کہ وہ دباؤ ڈالنے کے ذریعے، خطے میں انسانی المیے کی روک تھام کریں۔

ٹیگس