صدر ایران کا پوپ فرانسس کے نام پیغام، غزہ پر حملے فوری طور پر بند کرانے پر تاکید
صدر ایران نے پوپ فرانسس کے نام کرسمس کی مناسبت سے اپنے پیغام میں غزہ پر حملے فوری طور پر بند کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ہم خلوص دل سے جنابعالی اور دنیا بھر کے موحدوں کو حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کے یوم ولادت با سعادت اور نئے عیسوی سال کے آغاز کی مبارکباد پیش کرتے ہيں ۔
صدرمملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السّلام امن و دوستی کے پیغمبر ہيں اور ان کا دین پیار، محبت ، ظلم کے مقابلے میں صبر و استقامت اور ناداروں و مظلوموں کی مدد کی تعلیمات سے سرشار ہے ۔
سید ابراہیم رئیسی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی اعلی خصوصیات پر غور و فکر اور آپ اور تمام انبیاء علیھم السلام کے طرز زندگی اور سیرت پر عمل کر کے آج کے انسان کو کمال کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں آج انسانیت کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جن میں سب سے اہم غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کی لشکرکشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ ایک طرف صیہونی حکومت کی جارحیت پر عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں کی خاموشی اور دوسری جانب امریکہ و بعض یورپی ممالک کی حمایت کی بنا پر اب تک بیس ہزار سے زیادہ مظلوم انسان بالخصوص فلسطینی بچے اور خواتین غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں۔
سید ابراہیم رئیسی نے امید ظاہر کی کہ سال نو کے موقع پر عالمی برادری اور نیک انسان غزہ کے مظلوم عوام کے قتل عام کو رکوانے کے لئے فوری اقدام کریں گے ۔