ایرانی وزیر خارجہ: صیہونی حکومت غزہ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے
ایران کے وزير خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے غزہ کی جنگ میں صیہونیوں کی ناکامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت،غزہ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
سحرنیوز/ایران: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیر کی رات تہران یونیورسٹی ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ممتاز ایرانی اور بین الاقوامی استقامتی شخصیات کی قدردانی کی گئی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے پیر کی شب تہران یونیورسٹی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ جلد ہی حماس کو ختم کردیں گے جو اب تک نہيں کر سکے ہيں۔ حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ صیہونیوں نے اعلان کیا تھا کہ حماس کو فوجی کارروائیوں اور فضائی، بری اور بحری حملوں کے ذریعے غیرمسلح کردیں گے لیکن ایسا نہيں کر سکے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اس وقت تک کارروائیاں جاری رکھیں گے جب تک غزہ کے اسپتالوں اور سرنگوں سے اسرائيلی قیدیوں کو باہر نہ نکال لیں لیکن اب تک وہ فوجی طریقے سے اپنا ایک قیدی بھی آزاد نہيں کرا سکے اور جو ہدف معین کیا تھا اسے حاصل نہ کرسکے اور ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اسرائیلی اور امریکی حکام حماس کو پیغام دے رہے ہیں اور ایک ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک میں حماس کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہيں۔