اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب: ایران کے شہر کرمان میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت کا مطالبہ
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اس عالمی ادارے اور سلامتی کونسل سے، ایران کے شہر کرمان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے ایک مراسلے میں اس عالمی ادارے کے سربراہ آنٹونیوگوترش اور اسی طرح فرانس کے مندوب کے نام کہ جو اس وقت سلامتی کونسل کے موجودہ چیئرمین ہیں، ایک مراسلے میں کہا ہےکہ ہم انتہائی غم و اندوہ اور گہرے دکھ کے ساتھ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے ارکان کو، تین جنوری دو ہزار چوبیس کو ایران کے شہر کرمان میں ایک اور دل دہلا دینے والے دہشت گردانہ حملے کے بارے میں مطلع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذموم اور جارحانہ اقدام، ایران کے شہر کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی کے مزارکے قریب ان کی چوتھی برسی کے موقع پر کیا گیا اور جان بوجھ کر بے گناہوں کو خاک و خون میں غلطاں کیا گیا۔
امیر سعید ایروانی نے مزید لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اور سلامتی کونسل کے سربراہوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس وحشتناک دہشت گردانہ حملے کی فورا اور کھل کر مذمت کریں۔ ایروانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سب سے زيادہ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے اور اس کے تباہ کن نتائج کا براہ راست تجربہ کرنے والے ملک کی حیثیت سے، اس لعنت کے خلاف جنگ کی قیادت کرنے کے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے۔آخر میں انہوں نے درخواست کی کہ اس خط کو سلامتی کونسل کی دستاویز کے طور پر رجسٹرڈ کیا جائے۔