ایران کے وزیرخارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ٹیلی فونی گفتگو، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے یمن پر امریکہ اور برطانیہ کے حملے کو ایسی اسٹریٹیجک غلطی قرار دیا ہے جو علاقے میں کشیدگی بڑھنے کا باعث بنےگی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے پیر کی رات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ایک بار پھر غزہ پر صیہونی جارحیت اور یمن پر امریکہ اور برطانیہ کے حملے بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اسی طرح غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی انسان دوستانہ امداد ارسال کرنے کی آمادگی کا بھی اعلان کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے بحیرہ احمر کی موجودہ صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطین جانے والے بحری جہازوں کو روکنے کا یمنی مقصد، غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت بند کرانا ہے۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی غزہ کے عام شہریوں کے خلاف جاری جارحیت کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے غزہ کے خلاف حملے بند اور اس علاقے کے لوگوں کے لئے انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسی طرح علاقے میں امن و استحکام کی تقویت میں ایران کے کردار کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔