Jan ۱۷, ۲۰۲۴ ۲۰:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو

ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو ہوئی ہے جس میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری اور ارضی سالمیت ایران کے لئے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے، جو کہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہیں، آج بدھ کے روز پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ٹیلی فونی رابطہ کیا اور دوست، برادر اور ہمسایہ ملک پاکستان کی خود مختاری اور ارضی سالمیت کے احترام پر ایران کی تاکید کی اور کہا کہ پاکستان کی سلامتی، اسلامی جمہوریہ ایران کی سلامتی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے دہشت گرد گروہوں کے مسئلے سمیت دو جانبہ موضوعات سے متعلق تہران اور اسلام آباد کے تعاون، اتفاق نظر اور بات چیت کے تسلسل کو اہم قرار دیا اور دونوں ممالک کے فوجی اور سیکورٹی عہدہ داروں کے درمیان بارہا ہونے والی بات چیت کی طرف اشارہ کیا اور یہ امید ظاہر کی کہ دو جانبہ تعلقات اور قوی تر سیکورٹی تعاون کی غرض سے تبادلۂ خیال صحیح سمت میں جاری رہے گا۔

امیر عبداللہیان نے کہا کہ "جیش العدل" (جیش الظلم) کے نام سے موسوم گروہ ایک دہشت گرد گروہ ہے جو دونوں ممالک کی مشترکہ سلامتی کے خلاف کارروائیاں کرتا ہے اور سرزمین پاکستان سے اس دہشت گرد گروہ کے ذریعہ بارہا ایران کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا ہے نیز اس دہشت گرد گروہ نے بارہا ایرانی سرزمین پر دہشت گردانہ کارروائیوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں دونوں ملکوں کے مشترکہ اہداف، ایک دوسرے کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران اور پاکستان کی لمبی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی سلامتی بھی پاکستان کی سلامتی ہے اور جب بھی پاکستان کی سرزمین پر اسلامی جمہوریہ ایران مخالف کوئی خطرہ پیدا ہوا ہے تو حکومت پاکستان نے اس کے خلاف ایکشن لیا ہے۔

 

 

ٹیگس