صیہونی حکومت کے جرائم کا انتقام لینے پر صدر رئیسی کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدام کا ہر حال میں جواب دیا جائےگا۔
سحرنیوز/ایران: صدر ایران سیدابراہیم رئیسی نے شام پر اسرائيلی حملے اور اس پانچ ایرانی فوجی مبصرین کی شہادت پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بلاشبہ اس طرح کی دہشت گردانہ اور مجرمانہ کارروائیوں کا جاری رہنا، استقامی محاذ کے مجاہدین کے سامنے ناجائز صہیونی حکومت کی ناکامی، بے بسی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ صدر ایران کے پیغام میں آيا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران غاصب صیہونی حکومت سے اس گھناؤنے جرم کا انتقام ضرور لے گا۔ صدر ایران کے پیغام میں کہا گيا ہے کہ ایک بار پھر جرائم پیشہ صیہونی حکومت نے شام کی فضائی حدود کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ارتکاب کیا جس میں متعدد شامی فوجی اور پانچ ایرانی فوجی مشیر شہید ہوگئے جو اہلبیت عصمت و طہارت کے روضوں کی حفاظت کر رہے تھے۔
صدر رئیسی کے پیغام میں آيا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کا تازہ جرم جو تمام عالمی معاہدوں اور انسانی اصولوں کو پامال کرتے ہوئے، تسلط پسند ممالک اور ان کے سرغنہ امریکہ کی حمایت اور عالمی برادری کے خاموشی کے سائے میں انجام پایا ہے، انسانی حقوق کے دعویداروں کے دامن پر لگنے والے ایسا داغ ہے جو کبھی پاک نہیں ہوسکے گا۔
یاد رہے کہ سنیچر کو دمشق میں ایک رہائشی عمارت پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے وحشیانہ حملے میں پانچ ایرانی فوجی مبصر شہید ہوگئے اس حملے میں پوری عمارت تباہ ہوگئی اور متعدد دیگر افراد بھی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔