Jan ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیر خارجہ نے ایران کے نائب صدر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یوگینڈا میں ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے نائب صدر محمد مخبر سے ملاقات میں مختلف موضوعات پر بات چیت کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یوگینڈا کے دارالحکومت کمپالا میں ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر گزشتہ رات ایران کے نائب صدر محمد مخبر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ہندوستانی وزیر خارجہ نے علاقائی ترقی اور ایران و ہندوستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے بارے میں بات چیت کی۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ نے ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کے نائب صدر کے ساتھ ان کی بات چیت مثبت رہی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ تعاون میں اضافے پر بھی اتفاق رائے کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ابھی حال ہی میں ایران کا دورہ کیا تھا۔ اس دو روزہ دورے کے دوران ایس جے شنکر نے صدر ایران سید ابراہیم رئيسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان سے بھی ملاقات کی تھی۔

ٹیگس