Jan ۲۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل کے  اجلاس میں ایرانی وزیرخارجہ کا خطاب، غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور

اسلامی جمہوریۂ ایران کے وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غاصب اسرائیل کی بقا کا انحصار علاقائی بحرانوں پر ہے کہا کہ نیتن یاہو جنگ کے ذریعے اپنی سیاسی زندگی کا تحفظ کرنا چاہتا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جو فلسطین کی صورتحال کے جائزے کےلئے منعقدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر ہيں، کہا ہےکہ غلط اور جھوٹے پروپیگنڈوں کے ذریعے صیہونی حکومت، عالمی رائے عامہ کی توجہ غزہ اور غرب اردن میں نسل کشی اور قتل عام سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت مقبوضہ فلسطین میں ہونے والے جرائم کی پوری طرح ذمہ دار ہے اور اس کے جنگی جرائم اور نسل کشی کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے بڑے پیمانے پر دستاویزی شکل دی ہے اور اسے وہ عصر حاضر کی تاریخ کی سب سے بڑی نسل کشی قرار دے رہی ہیں۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ امریکہ دوسروں کو تحمل کی دعوت دینے کے بجائے اسرائیلی حکومت کو جنگ بند کرنے پر مجبور کرے اور امریکہ کو اس جال سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو صیہونی حکومت نے اسے براہ راست تنازعہ میں الجھانے کے لئے پھیلایا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ امریکہ اسرائیلی حکومت کے جرائم کی حمایت کرکے سلامتی کونسل کو غزہ میں نسل کشی اور جنگ بندی سے روک رہا ہے۔ حسین امیرعبداللہیان نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے بے گناہ عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کا قتل عام فوری بند ہونا چاہیے، جنگ راہ حل نہیں ہے۔

ٹیگس