Feb ۱۳, ۲۰۲۴ ۲۱:۲۳ Asia/Tehran
  • امیر قطر نے اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے فلسطینی قوم کی حمایت کو سراہا۔

امیر قطر نے فلسطینی قوم کی حمایت اور غزہ پٹی میں جنگ کے خاتمے کی غرض سے سیاسی حل کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں کو سراہا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے آج منگل کو دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔

ایران کے وزیر خارجہ اور امیرقطر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ امور، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور فلسطین کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اس ملاقات میں فلسطینی قوم کی حمایت کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے اور غزہ کے خلاف غاصب اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت بند کئے جانے پر زور دیا نیز فلسطینی قوم کی حمایت اور غزہ پٹی میں جنگ کے خاتمے کی غرض سے سیاسی حل کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے مسلسل سفارتی اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔

امیر قطر نے دوحہ اور تہران کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کے استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ قطر اور ایران کے تعلقات کبھی بھی ایک دوسرے کے اتنے نزدیک نہیں رہے ہیں جو دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں دونوں ممالک کی کامیابی کے غماز ہیں۔

امیر عبداللہیان نے بھی ایران اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ ایران اور قطر کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پانے والے معاہدوں کا مکمل نفاذ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد بنے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان آج ایک وفد کے ہمراہ دمشق سے دوحہ پہنچے تھے۔

 

ٹیگس