Mar ۱۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • غزہ کے تعلق سے امریکی منافقت کی مذمت، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان

ترجمان وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے غزہ کو امدادی سامان پہنچانے کو ایک ظاہری اور مضحکہ خیز اقدام اور ایک کڑوا مذاق قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ نے صیہونی حکومت کی سیاسی اور اسلحہ جاتی حمایت کی ہے اور ویٹو پاور کا بھی استعمال کیا ہے جس نے ثابت کردیا کہ سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ ایک جانب جنگ روکنے والی قراردادوں کو ویٹو اور تل ابیب کو ہتھیار فراہم کرتا ہے اور دوسری جانب اپنے جنگ پسند چہرے کو چھپانے کے لئے انسان دوستانہ امداد فراہم کرنے کا ڈھونگ رچاتا ہے۔
انہوں نے امریکہ کی ان متضاد حرکتوں کو مضحکہ خیز اور کڑوا مذاق قرار دیا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ عالمی رائے عامہ اب ان حرکتوں سے متاثر ہونے والی نہیں ہے۔ ناصر کنعانی نے جنگ چھیڑنے، ایٹم بم سمیت عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال اور صیہونی حکومت کے شانہ بشانہ غزہ کے عوام کے قتل عام کو امریکہ کا حقیقی کارنامہ قرار دیا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ بحیرہ احمر کی صورت حال کا براہ راست تعلق مسئلہ فلسطین سے ہے اور واشنگٹن اصل موضوع کو حل کرنے کے بجائے علاقے میں بدامنی کو فروغ دے رہا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے اس کے علاوہ غزہ کی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت بھوک کو فلسطینیوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے جس پر بین الاقوامی اداروں بالخصوص عالمی فوجداری عدالت اور اقوام متحدہ کو توجہ دینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایران فلسطینی عوام تک امداد پہنچانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کرے گا اور جس طرح ممکن ہوا غزہ کے مظلوم عوام تک امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔

ٹیگس