Mar ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۳:۲۰ Asia/Tehran
  • بہار قرآن میں قرآن کریم کی اکتیسویں بین الاقوامی نمائش کا افتتاح

تہران کے مصلائے امام خمینی میں قرآن کریم کی اکتیسویں بین الاقوامی نمائش کا افتتاح ، ایران کے وزيرثقافت کی موجودگی میں ہوا۔

سحر نیوز/ ایران: قرآن کریم کی اکتیسویں بین الاقوامی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیرثقافت محمد مہدی اسماعیلی نے کہا کہ اس عالمی نمائش میں دنیا کے پچیس ملکوں کے نمائندے موجود ہيں ۔ اس موقع پر ایران کے وزیر ثقافت نے کہا کہ اس سال قرآن مجید سے متعلق فن پاروں اور اس کی پروڈکشن کے لئے نمائش کی جگہ مختص کئے جانے کے ساتھ ہی تہران اور اطراف کے شہروں کے مومنین کے لئے سکون کے کچھ پل گذارنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

محمد مہدی اسماعیلی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خود کو قرآنی تعلیمات کے فروغ کا پابند سمجھتا ہے کہا کہ یہ حکومت قرآنی اور ایران کے مسلمان عوام کی قرآنی تحریک کا نتیجہ ہے ۔

ایران کے وزيرثقافت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس کلام الہی کے احترام اور قرآن کریم کی تعلیمات کا تحفظ ایران کے مسلمان عوام اور حکومت کے بنیادی عقائد میں ہے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام بھی قرآن کے وسیلے سے گذشتہ تقریبا چھے مہینے سے نسل کش صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہيں ۔

قرآن کریم کی بین الاقوامی نمائش میں ترکی، الجزائر، سینیگال ، روس ، ہندوستان ، فرانس ، جنوبی افریقہ ، چین اور کینیڈا سمیت دنیا کے پچیس ممالک کے نمائندے موجود ہيں ۔

قرآن کریم کی بین الاقوامی نمائش بدھ سے شروع ہوئی اوریہ آٹھ دن تک جاری رہے گی ۔

ٹیگس