پاکستانی صدر کی ایرانی صدر سے ٹیلی فونی گفتگو
پاکستان کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ، تہران کے ساتھ مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔
سحرنیوز/ایران: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا اور اسے مزید مضبوط بنائے گا۔
آصف علی زرداری نے ایران کے صدر کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے معلومات کے تبادلے کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دریں اثناء آصف زرداری نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حکومت کے حملے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والےسوگوار خاندانوں اور ایرانی حکام کو تعزیت پیش کی اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
پاکستان کے صدر نے صیہونی افواج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور انسانی بحران پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔