Apr ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • برطانیہ ، فرانس اور جرمنی کے سفیروں کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا

ایران کے شہریوں اور مفادات کے خلاف صیہونی حکومت کے پے در پے اقدامات پر اسلامی جمہوریہ ایران کے ردعمل کے حوالے سے تین ممالک برطانیہ ، فرانس اور جرمنی کے بعض حکام کے غیر ذمہ دارانہ مواقف کے بعد ان ممالک کے سفیروں کو ایران کی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا۔

سحرنیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدے دار کے مطابق، صیہونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے جوابی ردعمل کے تعلق سے بعض برطانوی، فرانسیسی اور جرمن حکام کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ موقف اختیار کئے جانے کے بعد تہران میں برطانیہ ، فرانس اور جرمنی کے سفیروں کو ایران کی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا۔

ایران کی وزارت خارجہ میں مغربی یورپ کے ڈائریکٹر جنرل "مجید نیلی احمدآبادی" نے صیہونی حکومت کے انسانیت سوز اقدامات اور بین الاقوامی قوانین اور معیارات کی مسلسل خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دمشق میں ایرانی قونصل خانے کی عمارت پر جارح صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے کے جواب میں کہ جس میں متعدد ایرانی فوجی مشیر اور شامی شہری شہید ہوگئے تھے، آج صبح اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے صیہونی حکومت کے فوجی اڈوں کے خلاف  کارروائی انجام دی ، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کی رو سے، اپنے دفاع کے قانونی اور جائز حق کے دائرے میں تھی -

ایران کی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے اپنے ملک کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور  اقوام متحدہ کے منشور کے اہداف اور اصولوں کی پاسداری پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران طاقت کے کسی بھی غیر قانونی استعمال کے خلاف اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔

مجید نیلی احمد آبادی نے سفارتی مقامات پر اسرائیلی حکومت کے ہوائی حملے کے بارے میں تین یورپی ممالک کے دوہرے رویے کی مذمت کی اور ساتھ ہی اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں بیان کردہ جائز دفاع کے حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنے تعمیری اور موثر اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ اس نے ہمیشہ اپنی ممکنہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کشیدگی میں اضافے کو روکنے کی کوشش کی ہے۔

تین یورپی ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے سفیروں نے جلد از جلد اپنی حکومتوں کو ایران کے موقف سے آگاہ کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔

ٹیگس