ایرانی عوام نے حق ادا کردیا
شہید صدر آيت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمراہ فضائی حادثے میں شہید ہونے والوں کی تشییع جنازہ آج مختلف شہروں میں عمل میں آئی جبکہ صدر رئیسی کی تششیع جنازہ اس وقت مشہد میں انجام پا رہی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایک فضائی حادثے میں شہید ہونے والے آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شاندار اور تاریخی تشییع جنازہ اور تدفین آج جمعرات 23 جون کو ملک کے مختلف شہروں میں عمل میں آچکی ہے - اس دوران ملک کے محبوب صدر شہید صدر رئیسی کی تشییع جنازہ آج صبح صوبہ جنوبی خراسان کے شہر بیرجند میں ہوئی جس کے بعد انہیں حرم رضوی میں تدفین کے لیے مشہد منتقل کیا گیا اور وہاں اس وقت ان کی تشییع جنازہ انجام پا رہی ہے۔
ایرانی عوام ان دنوں اس المناک واقعے کے بعد غم و اندوہ میں مبتلا ہیں اور صدر کی یاد اور خدمات کو زندہ رکھنے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں مجالس کا انعقاد کر رہے ہیں اور اتحاد و ہمدردی کا یہ سلسلہ تبریز سے مشہد تک پھیلا ہوا ہے تاکہ شہید صدر اور ان کے ساتھیوں کو الوداع کہیں-
آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی میت کو تبریز، قم اور تہران میں تاریخی تشییع کے بعد آج 23 جون بروز جمعرات تدفین کے لئے مشہد لے جایا گيا ہے۔ آیت اللہ رئیسی اور ان کے دو ساتھیوں کے جسد خاکی کو لے کر ایک طیارہ آج صبح بیرجند کے شاہد کاوہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا جہاں پر متعدد حکومتی عہدیداروں ، صوبائی عہدیداروں ، شخصیات اور مہمانوں نے ان کے جسد خاکی کا غم و اندوہ کے عالم میں استقبال کیا-
شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے جنازے میں شہر بیرجند میں بھی سوگوار ایرانی عوام نے اپنی شرکت سے تاریخ رقم کردی ۔
رپورٹوں کے مطابق بیرجند میں جمعرات کی صبح تشییع جنازہ میں بیرجند اور اطراف کے علاقوں کے سوگوار عوام نے اپنی والہانہ شرکت سے ایک بار پھر اسلامی جہموری نظام اور خادمین قوم و ملت سے اپنے قلبی اور والہانہ لگاؤ کا ثبوت پیش کردیا۔
اس رپورٹ کے مطابق تشییع جنازہ شروع ہونے سے بہت پہلے سے ہی لاکھوں سوگوار سڑکوں پر موجود تھے- رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ تبریز، قم اور تہران کے بعد بیرجند میں بھی شہید صدر اور ان کے ساتھی شہدا کے جنازے میں سوگوار ایرانی عوام کی شرکت مثالی اور تاریخی رہی ہے۔
ادھر مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ بہت سے غیر ملکی مہمان بھی شہید صدر کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے مشہد مقدس پہنچ گئے ہیں۔ مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شہید صدر کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے غیر ملکی مہمانوں میں پاکستان، افغانستان، عراق، ترکیہ، ترکمنستان اور سعودی عرب کے وفود مشہد مقدس پہنچ چکے ہیں ۔