شہید صدر ابراہیم رئیسی کیلئے رہبرانقلاب اسلامی کا تاریخی جملہ"دلم سوخت" ہمیشہ یاد رہے گا
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے آج بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی 35 ویں برسی کے عظیم الشان مرکزی اجتماع کو خطاب کیا۔
سحر نیوز/ ایران: رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور انکے رفقائے کار کی شہادت کو ملک کے لئے بڑا اور عظیم نقصان قرار دیا اور شہدا کی ممتاز خصوصیات کا ذکر کیا۔
آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے شہید صدر سید ابراہیم رئیسی کو ایک محنتی، مخلص، مہربان اور اسلامی انقلاب کے بنیادی اصولوں اور امنگوں پر مکمل یقین رکھنے والی شخصیت قرار دیا اور صدر ایران اور ان کے رفقا کی شہادت کو ملکی عوام کے لئے ایک عظیم مصیبت سے تعبیر کرتے ہوئے فرمایا کہ میرا دل شہید رئیسی کیلئے بہت غمگین اور رنجیدہ ہوا اس لئے کہ جب ان کی شہادت ہوئی تو اخبارات اور سوشل میڈیا میں ان کی تعریفیں ہونے لگیں اور ان کے کام کو سراہا گیا لیکن جب تک وہ زندہ تھے ان کے کام اور دن رات کی محنت کے باوجود ان کے کاموں کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی بلکہ ان کے خلاف باتیں کی گئیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایرانی عوام نے اس عظیم مصیبت کے مقابلے میں مایوس ہونے، دامن امید کو ہاتھ سے چھوڑنے اور بے تابی کرنے کے بجائے صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہدا کی تشییع کے موقع پر ایک تاریخی کارنامہ رقم کیا۔