Jun ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے مابین گیس منتقلی کے منصوبے پر دستخط

ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے روس کے صدر ولادیمیر پوتین سے ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے لئے روسی گیس منتقلی کے منصوبے کو دونوں ملکوں کی معیشت اور پورے علاقے کے اقتصادی مفاد میں قرار دیا۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے لئے روسی گیس کی منتقلی کے منصوبے سے متعلق مفاہمتی نوٹ پر دستخط کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات و تعاون کے فروغ کی راہ میں ایک بڑا اور علاقائی معیشت کے مفاد میں اہم قدم قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ ایران کے لئے روسی گیس منتقلی کا منصوبہ دونوں ملکوں کی معیشت اور پورے علاقے کے مفاد میں ہے۔ ایران کے نگراں صدر نے اس سلسلے میں سمجھوتے کو انجام تک پہنچانے میں روسی صدر کی کاوشوں کی قدردانی کی۔

ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے بدھ کو تہران میں روس کے خصوصی نمائندے الیکس ملر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے لئے روسی گیس کی منتقلی کے منصوبے سے متعلق مفاہمتی نوٹ پر دستخط دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات و تعاون کے فروغ کی راہ میں ایک بڑا اور علاقائی معیشت کے مفاد میں اہم قدم ہے۔

ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے اسی طرح شمال جنوب کوریڈور اور علاقے کے ملکوں کو ریلوے لائن کے ذریعے جوڑنے کے لئے رشت بندر عباس ریلوے لائن پروجیکٹ پر جلد سے جلد عمل درآمد اور اس پروجیکٹ کی تکمیل کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران و روس کے درمیان مفاہتی نوٹ پر دستخط سے اسلامی جمہوریہ ایران گیس کے ایک علاقائی مرکز میں تبدیل ہو جائے گا اور علاقے نیز بین الاقوامی مواصلات و ارتباطات کے شعبے میں ایک نئے باب کا آغاز ہو گا ۔

اس ملاقات میں روس کے خصوصی نمائندے اور روس کی پروم گیس کمپنی کے سربراہ الیکس ملر نے بھی ایران کے لئے روسی گیس منتقلی کے مفاہمتی نوٹ پر دستخط کو نہایت اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ مفاہمت و سمجھوتہ پورے علاقے کے مستقبل کے لئے مثبت نتائج کا حامل ہے۔

ٹیگس