Jul ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
  • فلسطینی استقامت کی دلیرانہ جدوجہد کامیاب اور فلسطینیوں کو نصرت الہی نصیب ہوگی: ایران کے نومنتخب صدر

منتخب صدر نے تحریک حماس کے سربراہ کی جانب سے مبارکباد پیش کئے جانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینیوں کے تمام اہداف پورے ہونے اور بیت المقدس کی آزادی تک اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مظلوم فلسطینی قوم کی ہمہ گیر حمایت جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نومنتخب صدر ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے اسماعیل ہنیہ کے پیغام مبارک باد کے جواب میں کہا ہے کہ ایران اسلامی انقلاب کے اعلی اصول و مقاصد کا پابند ہے اور وہ امام خمینی رح کے اہداف و رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کے تناظر میں غاصب و نسل پرست صیہونی حکومت کے مقابلے میں ملت فلسطین اور اس کی جدوجہد کی حمایت کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے اور جب تک ملت فلسطین کے تمام اہداف حاصل اور بیت المقدس آزاد نہيں ہوجاتا اس وقت تک ملت فلسطین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے اپنے اس پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ مظلوم و مقتدرغزہ اور ثابت قدم فلسطین کی تاریخی استقامت کے سہارے موجودہ جنگ میں فلسطینی استقامت کی دلیرانہ جدوجہد کامیاب اور فلسطینیوں کو نصرت الہی نصیب ہوگی ۔

منتخب صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی سے جنابعالی کے لئے سلامتی و سربلندی اور فلسطینی عوام کے لئے عزت و آزادی، استقامت کے بہادر مجاہدین کے لئے نصرت الہی اور عظیم فلسطینی شہداء کے لئے اللہ تعالی کی رحمت کی دعا کرتے ہيں ۔

درایں اثناایران کے منتخب صدر نے العربی الجدید انٹرنیشنل میں ہم سب مضبوط و ترقی یافتہ علاقے کے لئے کے زيرعنوان شائع ہونے والے اپنے ایک مقالے میں علاقے کے تمام ممالک کی ترقی و پیشرفت کے لئے تعمیری اشتراک عمل و تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ، فلسطین پر قبضے کے دیرینہ زخم کا مداوا اور اس کا حل ہم سب کا مسئلہ اور ذمہ داری ہے ۔

 

ٹیگس