ٹرمپ پر حملہ، الزام ایران پر، پس پردہ کون؟ ایران نے بتائی وجہ
ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی میڈیا کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ ٹرمپ پر ہونے والے حملوں میں ایران کا ہاتھ ہے۔
سحرنیوز/ ایران : اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک امریکی میڈیا کے سابق امریکی صدر ٹرمپ پر حملے ميں ایران کے ملوث ہونے کے دعؤوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے دشمنانہ سیاسی اہداف و محرکات کا حامل قرار دیا ہے۔
امریکی ٹی وی چینل سی این این نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام سے دیرینہ دشمنی کے تحت دعوی کیا ہے کہ امریکہ کے انٹیلیجنس حکام نے حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ کو قتل کرنے کے لئے ایران کی ممکنہ منصوبہ بندی کو فاش کیا تھا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک امریکی میڈیا کی سابق امریکی صدر ٹرمپ پر ہونے والے حالیہ حملے میں ایران کا کردار ہونے پر مبنی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے-
ناصر کنعانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے سابق کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کے قتل میں براہ راست ٹرمپ کا ہاتھ ہونے کے سلسلے میں عدالتی چارہ جوئی کے لئے پرعزم ہے لیکن ٹرمپ کے خلاف حالیہ حملے میں کسی طرح کی مداخلت یا اس طرح کے کسی اقدام کے بارے میں دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے بھی امریکی ٹی وی چینل سی این این کی اس رپورٹ پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ الزامات بےبنیاد ہيں۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ ایک مجرم ہیں جن پر شہید جنرل سلیمانی کےقتل کا حکم دینے کے باعث مقدمہ چلا کر واقعی سزا دینا چاہئے اور ایران نے انھیں جوابدہ بنانے کے لئے قانونی راستہ چناہے۔