Jul ۲۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر اسرائیلی حملے کی ایران کی جانب سے مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے ہوائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے مظلوم لیکن طاقتور عوام، غزہ کے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کی باعزت حمایت کی قیمت چکا رہے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے بیس جولائی کو ہونے والے ان حملوں کو الحدیدہ بندرگاہ کے شہری ڈھانچے کی تباہی اور کچھ یمنیوں کی شہادت اور بڑے پیمانے پر لوگوں کے زخمی ہونے کو بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کی وحشیانہ فطرت کی نشانی قرار دیا۔ انہوں نے صیہونیوں کی خطرناک مہم جوئی کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں اضافے اور جنگ کی آگ کے دائرے کے پھیلانے کے خطرے کی بابت صیہونی حکام کو خبردار کیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یمن کی بندرگاہ الحدیدہ پر ہونے والے حملے کے شہداء کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے اس حملے میں کم سے کم سترہ یمنی شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس